اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا میرا مشن ہے: وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

میانوالی: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا میرا مشن ہے، پاکستان میں لوگوں کو روزگار دینا ریاست کی ذمے داری ہونی چاہیئے تھی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان میانوالی پہنچے جہاں انہوں نے جنگلات کی بحالی کے سب سے بڑے منصوبے کا آغاز کیا، وزیر اعظم نے کندیاں میں پودا لگا کر موسم بہار 2020 کی شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

- Advertisement -

شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے شجر کاری بہت اہمیت رکھتی ہے، افسوس ہے جو جنگل انگریز چھوڑ کر گئے وہ ہم نے تباہ کردیے۔ انگریز کندیاں میں 20 ہزار ایکڑ پر جنگل چھوڑ کر گئے، آج جنگل تباہ ہوچکا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ایسے ہی جنگل تباہ کرتے رہے تو موسمی تبدیلی ہمارا مستقبل تباہ کردے گی۔ اللہ نے پاکستان میں 12 موسم دیے ہیں، اتنے وسائل کے ساتھ ہماری زرعی پیداوار مہنگی اور کمی ہونی ہی نہیں چاہیئے۔ درخت کاٹنے والوں کو جیل میں ڈالنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی میں تعلیم پر توجہ دینی ہے، اسکول ٹھیک کرنے ہیں۔ میانوالی میں اسپتال ٹھیک کر رہے ہیں اور بنا بھی رہے ہیں۔ نمل اب عالمی یونیورسٹی بننے جارہی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک ایک چھوٹے سے علاقے میں پیسہ خرچ کرنے سے آگے نہیں بڑھتا، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا میرا مشن ہے۔ پاکستان میں لوگوں کو روزگار دینا ریاست کی ذمے داری ہونی چاہیئے تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کفالت پروگرام کے تحت انتہائی غریب افراد کی امداد کی جائے گی، 80 ہزار نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلا سود قرض دیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں