اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے فروغ نسیم کا استعفیٰ منظور کرلیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فروغ نسیم کے استعفیٰ کی منظوری دے دی، استعفیٰ کی منظوری کا اطلاق 26 نومبر سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر استعفیٰ منظور کیا ہے۔
واضح رہے کہ فروغ نسیم کے مستعفی ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے کابینہ اراکین کی تعداد 49 سے کم ہوکر 48 رہ گئی جبکہ وفاقی وزرا 25 سے کم ہوکر 24 رہ گئے ہیں۔
یاد رہے کہ فروغ نسیم نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سپریم کورٹ میں مدت ملازمت سے متعلق کیس کی پیروی کرنے کے لیے گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
مزید پڑھیں: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم مستعفی
گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ وزیر قانون نے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ اس لیے دیا ہے کہ وفاقی وزیر کی حیثیت سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے اور حکومت کا موقف واضح کرنے کے لیے رضاکارانہ استعفیٰ دیا تاکہ اٹارنی جنرل کی معاونت کرسکیں۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سےمتعلق کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی ، چیف جسٹس نے کہا تھا کہ ایسی غلطیاں کی گئیں کہ ہمیں تقرری کوکالعدم قراردیناہوگا، سمری میں دوبارہ تعیناتی،تقرری،توسیع کانوٹیفکیشن جاری کیا،اب بھی وقت ہے دیکھ لیں، حکومت کل تک اس معاملے کا حل نکالے۔