اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اصلاحات کے عمل سے کسی بھی صورت پیچھے نہ ہٹنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے تازہ پیغام میں کہا ہے کہ تبدیلی کے بغیر پاکستان آگے نہیں جا سکتا، ہم کسی صورت اصلاحات کے عمل سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
دریں اثنا، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی انھوں نے ایک تازہ پیغام شیئر کیا ہے جو مملکت پاکستان کے قدرتی مناظر اور اس کے حسن سے متعلق ہے۔ ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے لکھا کہ پاکستان نا قابل تصور حسن کی سرزمین ہے، پاکستان میں قدرتی عجائبات پوشیدہ ہیں، پاکستان کی سیاحت کی وسعت کا دائرہ کار اب تک دریافت نہیں ہو سکا۔
انھوں نے لکھا ’ناقابل تصور جمال سے آراستہ پاکستان وہ دھرتی ہے جس کی خاک میں قدرتی عجائب کا خزانہ پوشیدہ ہے اور جس کا دامن غیر دریافت شدہ سیاحتی استعداد سے بھرا ہوا ہے۔‘
وزیر اعظم نے اپنی ٹویٹ میں برطانوی سیاحتی میگزین ونڈر لسٹ کا ایک لنک بھی پوسٹ کیا، جس میں پاکستان کے 9 سب سے زیادہ شان دار قدرتی عجائب کے بارے میں تفصیل بتائی گئی ہے۔
سانسیں تھما دینے والے ان قدرتی عجائب میں بالتور گلیشئیر، وادیٔ نیلم، ہنگول نیشنل پارک، ٹرینگو ٹاورز، دیوسائی پلین، صحرائے تھر، جھیل سیف الملوک، وادیٔ ہنزہ اور عطا آباد جھیل شامل ہیں۔