اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان دورۂ سعودی عرب کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، مراد سعید، سردار عثمان بزدار اور وزیر اعلیٰ محمود خان بھی ان کے ہم راہ تھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے کی تکمیل پر وزرائے اعلیٰ پنجاب و خیبر پختون خوا اور وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کے ہم راہ وطن پہنچ گئے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم آج ہی سے سرکاری امور کی انجام دہی شروع کریں گے۔
خیال رہے کہ آج مکہ مکرمہ میں وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں سیاسی، اقتصادی اورتجارتی امور پرتبادلۂ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اورسعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات
وزیر اعظم پاکستان نے مؤخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل کی فراہمی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے برادرانہ اقدام سے پاکستانی معیشت بہتر ہوئی۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے 14 ویں اجلاس میں شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد پر دہشت گردی کا لیبل درست نہیں، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔