دبئی: وزیرِ اعظم عمران خان سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، دبئی ائیر پورٹ پر ولیٔ عہد شہزادہ شیخ محمد بن زائد النہیان نے استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم اپنے پہلے دو روزہ غیر ملکی سرکاری دورے کے دوسرے مرحلے پر یو اے ای پہنچ چکے ہیں، امارات کے ولیٔ عہد نے ان سے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا اور تعلقات کی موجودہ سطح پر باہمی تعاون پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے انھیں مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان اور ولیٔ عہد شیخ محمد بن زائد النہیان نے ملاقات میں باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ باہمی اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب مکمل، جدہ سے روانہ
ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا، رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھائی جاسکتی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے معاملات پر یکساں مؤقف رکھنے پر اظہارِ اطمینان کیا، دوسری طرف خطے کے موجودہ مسائل پر بھی تبادلہٗ خیال کیا گیا۔
عمران خان کے ساتھ ملاقات میں یو اے ای کے ولیٔ عہد کے ساتھ امارات کے نائب وزیرِ اعظم، وزیرِ داخلہ، وزیرِ خارجہ، نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اور وزیر برائے صدارتی امور بھی موجود تھے۔