اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر گوادرپہنچ گئے، جہاں وہ گوادر فری زون، ایکسپو سینٹر اور ایگریکلچرل انڈسٹریل پارک کا افتتاح کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان گوادر پہنچ گئے ، وفاقی وزرا سمیت چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی عمران خان کے ہمراہ ہیں ، دورے کے دوران وزیراعظم گوادرمیں مختلف ترقیاتی منصبوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم کوتاریخی جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکیج پرتفصیلی بریفنگ دی جائے گی جبکہ وزیراعظم گوادر فری زون، ایکسپو سینٹر اور ایگریکلچرل انڈسٹریل پارک کا افتتاح کریں گے ، تقریب میں سولرآئزیشن ،ڈی سیلینیشن پلانٹ کے معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان غیر ملکی سفیروں، سرمایہ کاروں،چینی ورکرز سمیت مقامی عمائدین،طلبااور کاروباری شخصیات سے خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم کےدورہ کےحوالے سےچیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ گوادرپورٹ دیگرعلاقوں سےملاناترجیح ہے، بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں، منصوبوں کی تکمیل سے باہتر سال کے گلے شکوے دور ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سی پیک اور گوادر بندرگاہ کے منصوبوں کو اولین ترجیح دے رہے ہیں ، خطے اور ملک کے شمالی حصے کے ساتھ گوادربندرگاہ کو منسلک کرنے کیلئے شاہراہ کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر تعمیراتی کام میں تیزی لائی گئی ہے۔