راولپنڈی: وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی میں گائنی اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی سرکاری اسپتالوں کو بہتر کریں۔ جہاں اسپتال کی ضرورت ہوگی وہاں اسپتال بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی میں گائنی اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اسپتال اور نرسنگ ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا۔
تقریب کے میزبان وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید تھے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اسپتال کے لیے جدوجہد کرنے پر شیخ رشید کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اسپتال کے لیے پنجاب حکومت اور ہیلتھ ٹاسک فورس مدد کرے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورتیں پوری کرنے والے حکومت کی پہچان ہوتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی سرکاری اسپتالوں کو بہتر کریں۔ جہاں اسپتال کی ضرورت ہوگی وہاں اسپتال بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر غریب خاندان کے پاس 7 لاکھ 20 ہزار کا ہیلتھ انشورنس کارڈ ہوگا۔ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے غریب خاندان کہیں سے بھی اپنا علاج کروا سکے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے غریب خاندانوں کی مدد کرنی ہیں، تاکہ وہ کسی کے محتاج نہ ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم سے ان لوگوں کو گھر دیں گے جو اپنا گھر نہیں خرید سکتے، ہر انسان چاہتا ہے اس کے پاس چھت ہو اپنا گھر ہو، جب ہماری حکومت آئی تو 1300 ارب کے قرضے چڑھ چکے تھے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر غریب خاندان کے پاس 7 لاکھ 20 ہزار کا ہیلتھ انشورنس کارڈ ہوگا۔ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے غریب خاندان کہیں سے بھی اپنا علاج کروا سکے گا۔ احساس پروگرام کے ذریعے معاشرے میں نئی سوچ لا رہے ہیں۔ عام آدمی کی مشکلات حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں میں اضافہ ہو رہا ہے مجھے خوشی ہے، نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضہ فراہم کریں گے۔ غریب خاندانوں کی مدد کرنی ہے، دیہاتوں میں گائیں بھینسیں دیں گے۔ غریب خاندانوں کو بکریاں اور مرغیاں پالنے کے لیے دیں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سستے گھروں کے لیے پورا پروگرام بنالیا ہے، مستحق خاندانوں کو گھر سستے داموں میں فراہم کریں گے۔ لوگ مشکل میں ہیں، بجلی اور گیس مہنگی ہے۔ ’مجھے ملک میں مہنگائی کا احساس ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی اس لیے مہنگی ہوتی ہے جب پاور سیکٹر مقروض ہوتا ہے، ہماری حکومت آئی تو 1300 ارب روپے کے قرضے چڑھ چکے تھے۔ بجلی اور گیس کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو قرضے بڑھ جاتے۔ پچھلا نظام ٹھیک نہیں تھا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں 6 ہزار سے 30 ہزار ارب قرضہ لیا گیا، قرضہ اتارنے اور نظام ٹھیک کرنے میں قوم کو تھوڑی دیر مشکل سے گزرنا پڑے گا، خرچے کم اور آمدنی بڑھانے سے قرضہ اتارا جاتا ہے۔ قرضے کی بیماری کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کرنا پڑ رہا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی کاموں سے ہی دنیا میں نام باقی رہتا ہے۔ 20 سالہ جدوجہد کے بعد زچہ بچہ اسپتال کا آج افتتاح کیا جا رہا ہے، اسپتال میں 11 جدید ترین آپریشن تھیٹر ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی میں خواتین کی تعلیم کے 60 ادارے بنائے ہیں، نالہ لئی پر 21 کلو میٹر طویل لئی ایکسپریس بنانے جا رہے ہیں۔ 9 ہزار کلو میٹر طویل ریلوے لائن میں سے 2 ہزار کلو میٹر لائن غائب ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی دیانتداری کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔ مہنگائی شریف برادران اور زرداری کی لوٹ مار کی وجہ سے ہوئی ہے۔ عمران خان 2 سال کے اندر اندر ملک کو مسائل سے نجات دلائےگا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ملک میں عمران خان جیسا ایماندار وزیر اعظم ہے، سی پیک کے تحت ایم ایل ون اور ٹو منصوبوں سے 2 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔ ریلوے بحال ہوگی تو ملک خوشحال ہوگا۔
راولپنڈی میں بنایا جانے والا یہ اسپتال 200 بیڈز پر مشتمل ہوگا، اسپتال کی تعمیر 2 سال میں مکمل ہوگی۔ منصوبے پر 6 ارب روپے لاگت آئے گی۔ اسپتال 105 کنال اراضی پر تعمیر ہوگا جبکہ اسپتال میں روزانہ 15 سو خواتین کا علاج کیا جاسکے گا۔
اسپتال میں 25 بیڈ ایمرجنسی کے لیے مختص ہوں گے جبکہ لیبر رومز اور انتہائی نگہداشت یونٹس قائم کیےجائیں گے۔ مذکورہ منصوبہ وفاق کی جانب سے کابینہ ڈویژن کی سرپرستی میں پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔