اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ وترقی پذیر ممالک کا ساتھ ترقی کے عمل کو آگے بڑھانا ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سری لنکن صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات اورخطےکی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے لوگوں کی زندگیاں بچانے سمیت معیشت کی بحالی پر بھی گفتگو کی۔
وزیراعظم نے سری لنکن صدر کو کرونا پر حکومتی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے قرضوں میں ریلیف کے لیے عالمی سطح پر اقدامات پر بھی بات چیت کی۔وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورت حال پر بھی سری لنکن صدر کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ وترقی پذیر ممالک کا ساتھ ترقی کے عمل کو آگے بڑھانا ناگزیر ہے۔
اس سے قبل یکم جون کو وزیراعظم عمران خان نے اٹلی کے وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے اٹلی میں کرونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
وزیراعظم نے اطالوی ہم منصب کو پاکستان میں حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے تدارک کے لیے گئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا تھا۔