اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا تعمیراتی شعبے سے وابستہ کاروباری برادری سہولتوں کا بھرپور فائدہ اٹھائے اور سرمایہ کاری کرے، حکومت ہر ممکنہ تعاون کے لئے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کوآرڈینیشن کمیٹی ہاؤسنگ،کنسٹرکشن اینڈڈیولپمنٹ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں تعمیراتی شعبے میں حکومتی مراعات اور سرگرمیوں کی پیش رفت کاتفصیلی جائزہ لیاگیا ، آباد کے نمائندوں نے حکومتی مراعات اور آسانیاں فراہم کرنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔
آبادنمائندگان نے کہا پہلی دفعہ نجی بینکوں کی جانب سے بلڈرزاینڈڈویلپرزکی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، کریڈٹ بلا شبہ موجودہ حکومت اور اسٹیٹ بینک کو جاتا ہے، این اوسی،اجازت ناموں کوآسان بنانے سے تعمیراتی شعبے کی حوصلہ افزائی ہوئی۔
آباد کی جانب سے تعمیراتی شعبے کی ترقی کی کی یقین دہانی پر وزیراعظم نے اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا تعمیراتی شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، ملکی معیشت پر کورونا کے منفی اثرات زائل کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی عمل کو تیز کرنے اور خصوصاً نوجوانوں کو نوکریاں مل سکیں گی، غریب کےاپنی چھت کے خواب کوپایہ تکمیل تک پہنچانےمیں مدد ملے گی ، تعمیرات کے شعبے کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا تعمیراتی شعبے سے وابستہ کاروباری برادری سہولتوں کا بھرپور فائدہ اٹھائے، کاروباری برادری تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے، حکومت ہر ممکنہ تعاون کے لئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے تمام چیف سیکریٹری صاحبان کو ہدایت کی کہ سہولتوں کی فراہم رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کیخلاف ایکشن لیا جائے۔