اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے انسدادد ہشت گردی کیلئے سری لنکن وزیراعظم کو تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے سری لنکامیں دہشت گردحملوں کی مذمت کی اور کہا پاکستان دہشتگردی سےمتاثررہا، سرلنکن عوام کادکھ سمجھتےہیں، مشکل کی گھڑی میں سری لنکن عوام کےساتھ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سری لنکامیں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی میں ہلاک افرادکےاہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلدصحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا پاکستان کےعوام بھی دہشت گرد حملوں سے افسردہ ہیں، مشکل کی گھڑی میں سری لنکن عوام کےساتھ ہیں، پاکستان دہشت گردی سے متاثر رہا، سرلنکن عوام کا دکھ سمجھتے ہیں۔
عمران خان نے کہا دہشت گردی کی کوئی سرحد اور کوئی مذہب نہیں، دہشت گردی نے پوری دنیا کے امن کو نقصان پہنچایا، پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتاہے۔
وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی کیلئے سری لنکا کو تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان بھرپور تعاون جاری رکھےگا۔
مزید پڑھیں : سری لنکا دھماکے، ہلاکتوں کی تعداد 359 ہوگئی
واضح رہے سری لنکا میں اتوار کے روز چرچ میں جاری ایسٹر تقریبات پر اور ہوٹلز میں 8 دھماکے ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں اب تک 359 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں ، دھماکوں کے بعد ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ ہے۔
سری لنکا کے دارالحکومت میں یکے بعد دیگرے 8 دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں چار پاکستانی شہری بھی شامل تھے ، زخمی ہونے والے پاکستانیوں میں ماہین حسن زوجہ حسن محمود، مزنہ ہمایوں ولد چوہدری محمد ہمایوں، عاتکہ عاطف زوجہ چوہدری عاطف شریف شامل ہیں جبکہ ایک پاکستانی بچہ بھی معمولی زخمی ہوا تھا۔
دوسری جانب انتہا پسند تنظیم داعش نے سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر کیے گئے 8 دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی تاہم حکومت اپنے موقف پر قائم ہے کہ کارروائی نیشنل توحید جماعت کی ہے۔