اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں حکومت کی ترجیحات طے کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وزیراعظم سیکریٹریٹ میں وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے خیرمقدمی اجلاس میں حکومت کی ترجیحات طے کی جائیں گی، وزیراعظم کی وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کا پہلاایجنڈا احتساب ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزراکو وزارتوں میں پہنچنے اوربریفنگزلینے کی ہدایات دی جائیں گی، منصوبوں اورمعاہدوں پروزیراعظم کواپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔
ایوان صدر میں وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی 16 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا جبکہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے 5 مشیروں کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
ایوان صدر میں صدر ممنون حسین نے 16 رکنی کابینہ سے حلف لیا، اس موقع پروزیراعظم عمران خان موجود تھے۔
وفاقی کابینہ میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، شریں مزاری، شیخ رشید، فواد چوہدری، زبیدہ جلال، غلام سرور خان، فہمیدہ مرزا، طارق بشیرچیمہ، عامر کیانی، شفقت محمود، خسرو بختیار اور مولانا نورالحق قادری شامل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں جن میں بابراعوان پارلیمانی امور، ملک امین اسلم ماحولیاتی تبدیلی اور ڈاکٹرعشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات، عبدالرزاق داؤد صنعت وتجارت جبکہ محمد شہزاد ارباب کواسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا مشیرلگایا گیا ہے۔