اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے 5 نومبر کو اتحادیوں کو عشائیہ دینے کا فیصلہ کرلیا ، ایم کیوایم، ق لیگ،جی ڈی اے،بی اے پی کو عشائیے میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اتحادیوں کو عشائیہ دینے کا فیصلہ کرلیا ، عشائیہ پانچ نومبر کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا، جس میں اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم،ق لیگ،جی ڈی اے، بی اے پی اور دیگر کو شرکت دعوت دی گئی ہے، ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا تھا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال پر غور کیا گیا، اپوزیشن کے جلسوں کے مدنظر آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
مزید پڑھیں : اپوزیشن کے مفادات پاکستان کے حق میں نہیں، وزیراعظم
ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں سابق اسپیکر ایاز صادق کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، ایاز صادق کے قومی سلامتی کے منافی بیان کو عوامی سطح پر اٹھانے کی ہدایت دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کی عوام فوج سے پیار کرتے ہیں، فوج مخالف بیانیے پرن لیگ میں تقسیم ہے۔
عمران خان نے ہدایت دی تھی کہ حکومتی بیانیہ اور اقدامات کو موثر طور پر اجاگر کیا جائے اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لائی جائے جبکہ وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت کی۔