اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عون چوہدری کو پنجاب میں اہم ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی اور وسطی پنجاب کے پی ٹی آئی ارکان کو کابینہ میں زیادہ نمائندگی ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی کابینہ میں کون شامل ہوگا، مشاورت اور رابطے جاری ہیں، ذرائع کے مطابق شمالی اور وسطی پنجاب کے پی ٹی آئی ارکان کو کابینہ میں زیادہ نمائندگی ملے گی۔
وزراء میں علیم خان، محمود الرشید، یاسمین راشد، راجہ یاسر ہمایوں، میاں اسلم، سردار عارف نکئی، سبطین خان، محسن لغاری، حامد یار ہراج شامل ہوسکتے ہیں جبکہ عون چوہدری کو پنجاب میں اہم ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب کے وزرا کے ناموں کی بھی حتمی منظوری وزیراعٓظم عمران خان دیں گے، عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما عون چوہدری کی ملاقات بھی ہوئی ہے جس میں سیاسی صورتحال اور حکومت سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان پرائم منسٹر سیکریٹریٹ سے بنی گالا پہنچ گئے ہیں، عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی خیبرپختونخوا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شروع ہوگیا ہے، وزیراعظم صوبائی کابینہ سے متعلق اراکین کو اعتماد میں لیں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم نے یہ اجلاس طلب کیا تھا، اس ضمن میں و زیراعلیٰ محمود خان اور نامزد گورنر شاہ فرمان کو اسلام آباد طلب کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کابینہ کے لئے تئیس ممبران کا انٹرویو ہوگا،ابتدائی کابینہ دس وزرا اور پانچ مشیروں پر مشتمل ہوگی، تیمور جھگڑا، عاطف خان، شہرام ترکئی کو اہم ذمے داری ملنے کا امکان ہے۔