اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا گیس بحران کی مانیٹرنگ خودکرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا متعلقہ محکمےگیس بحران کےفوری خاتمےکے لئے وسائل استعمال کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران کا نوٹس لیتے ہوئے گیس کے حالیہ بحران پر سخت تشویش کااظہار کیا اور کہا گیس کی قلت دور ہونے تک خود معاملات کو مانیٹرنگ کروں گا، متعلقہ محکمے گیس بحران کے فوری خاتمے کے لئے وسائل استعمال کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے نوٹس وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران لیا تھا۔
خیال رہے ملک بھر میں ایک بار پھر گیس بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے ، پورٹ قاسم ایل این جی ٹرمینل کو مرمتی کام کے لیے 60 گھنٹوں کے لیے بند کردیا گیا، جس کے بعد ٹرمینل کی بندش کی وجہ سے یومیہ 660 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی سپلائی نہیں ہوگی۔
یاد رہے 12 فروری کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت گیس بحران اور اووربلنگ سے متعلق اجلاس ہوا تھا ، جس میں وزیرِ اعظم نے گیس کی چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا جبکہ فوری طور پر 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مزید منگوانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : وزیرِ اعظم کا گیس چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا حکم
سوئی گیس کمپنیوں کے سربراہان نے بریفنگ میں بتایا تھا کہ 91 فی صد صارفین کو گیس مد میں 100 فی صد سبسڈی دی جا رہی ہے اور گیس چوری کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا بوجھ بھی صارفین پر ڈالا جا رہا ہے۔
چند روز قبل بھی وزیراعظم نے گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر انکوائری کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ عوام پرگیس کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنا غیر مناسب ہے۔