اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کیخلاف من گھرٹ خبرپر طاہر اے خان کو مشیرکےعہدے سے برطرف کردیا، طاہر اے خان نیوز ون کے مالک اور وزیراعظم کے مشیر کے عہدے پر فائز تھے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کیخلاف من گھڑت خبر کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے طاہر اے خان کو مشیر کے عہدے سے برطرف کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے طاہر اے خان نیوز ون کےمالک ہیں،وزیراعظم کےمشیرکے عہدے پر فائز تھے۔
یاد رہے گزشتہ روز نیب نے نیوز ون پر چیئرمین نیب سے متعلق خبر کی تردید کی تھی ، قومی احتساب بیورو کے ترجمان نے کہا تھا کہ یہ خبرحقائق کے منافی، من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ اس خبر کا مقصد چیئرمین نیب کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔
مزید پڑھیں : چیئرمین نیب کے خلاف چلنے والی خبر حقائق کے منافی ہے، ترجمان
ترجمان کا کہنا تھا نیب نے دباؤ، بلیک میلنگ کو پس پشت رکھ کر اپنا کام کیا، بلیک میلر گروہ کے دو افراد کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف یفرنس کی بھی منظوری دی، بلیک میلر گروہ کے خلاف ملک بھرمیں بیالیس ایف آئی آردرج ہیں۔
نیب ترجمان نیب کے مطابق اس گروہ کیخلاف مقدمات میں بلیک میلنگ اور اغوا برائے تاوان ، عوام کو بڑے پیمانے پر لوٹنے کے ثبوت ہیں۔ اس گروہ کے لوگ نیب، ایف آئی اے کے جعلی افسر بن کر بلیک میل کرتے ہیں۔ نیوز ون کی خبر بھی بلیک میلنگ کرکے نیب ریفرنس سے فرار کا راستہ ہے۔
نیب نے مزید بتایا کہ بلیک میلر گروہ کا سرغنہ فاروق کوٹ لکھپت جیل میں قید ہے جبکہ نیوز ون نے اپنی خبر کی تردید اور اسےحقائق کے منافی تسلیم کیا ہے۔ چیئرمین نیب سے دل آزاری پر معذرت بھی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے کرپشن الزام پر نیوز ون کے سی ای او عمر احمد خان کو حراست میں لیا تھا۔