اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود میں وفاقی حکومت نے اہم سنگ میل عبور کرلیا، پہلی بار نوجوانوں کوقومی فیصلہ سازی میں شراکت دار بنایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کی پہلی یوتھ کونسل قائم کر دی، کونسل کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین عثمان ڈار ہوں گے۔
کھیل، تعلیم، مذہب،معیشت اورآرٹس اینڈ کلچرل سے وابستہ شخصیات کونسل کا حصہ ہیں، بہادری کی تاریخ رقم کرنے والا پاک فوج کا جوان بھی کونسل کا حصہ ہوگا۔
آپریشن ضرب عضب کے غازی میجر تنویر شافی کونسل کے پہلے رکن ہیں، کرکٹرحسن علی ، ثنامیر، اداکارحمزہ علی عباسی اور ماہرہ خان، منیبہ مزاری بھی یوتھ کونسل کا حصہ ہیں۔
عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کی فلاح وبہبود میں وفاقی حکومت نے اہم سنگ میل عبورکرلیا، پہلی بارنوجوانوں کو قومی فیصلہ سازی میں شراکت دار بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی یوتھ کونسل کی اصولی منظوری دی ہے، چاروں صوبوں اورگلگت بلتستان کے یوتھ منسٹرز کونسل میں شامل ہوں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ کونسل کا ایجنڈا صرف نوجوانوں کی ترقی ہوگا، ملکی نوجوانوں کو قومی سطح پر فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے گا، کونسل ارکان پالیسی گائیڈ لائن اورفریم ورک کی تیاری میں حصہ لیں گے۔