اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان سے آج جی ڈی اے کے رکن صوبائی اسمبلی علی گوہر خان مہر نے ان کے دفتر میں ملاقات کی، ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے 172افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کے بعد سندھ کے سیاسی حالات میں کافی تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے، ایک طرف پیپلز پارٹی اپنے وزیر اعلیٰ کو کسی صورت تبدیل کرنے پر راضی نہیں تو دوسری جانب پی ٹی آئی نے بھی سندھ اسمبلی میں مراد علی شاہ کے خلاف محاذ کھول لیا ہے۔
اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے واقفان حال کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے جی ڈی اے کے رکن صوبائی اسمبلی علی گوہر خان مہر کی ملاقات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ چند روز کے دوران وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان خاصا تناؤ رہا. وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے بعد پی ٹی آئی، سندھ کی قیادت نے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں: کراچی کے مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعظم
اس دوران گورنر راج کی بازگشت بھی سنائی دی اور فواد چوہدری کے دورہ سندھ کو بھی اسی تناظر میں دیکھا گیا. البتہ بعد میں پی ٹی آئی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان کا مطالبہ فقط وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی تھی، وزیر اعظم کو گورنر سندھ نے صوبے کے سیاسی معاملات اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلات کے آگاہ کیا تھا۔