اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے 21 جنوری کو ڈیوس روانگی کاامکان ہے، دورے کے دوران عمران خان عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گےاور عالمی سرمایہ کاروں سے بھی ملیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں عالمی اقتصادی فورم کا چار روزہ سالانہ اجلاس 21 جنوری سے شروع ہو گا، وزیراعظم عمران خان کی اکیس جنوری کو ڈیوس روانگی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق دفترخارجہ اور وزیراعظم آفس میں ایجنڈے اور دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کیلئے شیڈول پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے، وزیراعظم کے بیرون ملک ہونے کے باعث اگلے ہفتے کابینہ کا اجلاس نہیں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دورے کے دوران عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور عالمی سرمایہ کاروں سے مل کر انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ مکمل کرکے 22 جنوری کو وطن واپس پہنچیں گے۔
مزید پڑھیں : عمران خان کی دورہ ڈیوس کے اخراجات کو انتہائی کم رکھنے کی ہدایت
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے ڈیوس کے اخراجات کو بھی انتہائی کم رکھنے کی ہدایت کی تھی ، ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے 3 روزہ دورے پر 68 ہزار ڈالرز خرچ ہوں گے، سابق دور حکومت میں ڈیوس دوروں پر لاکھوں ڈالرز اڑائے گئے تھے۔
ڈیوس دوروں پر نواز شریف، شاہد خاقان عباسی اور یوسف رضا گیلانی نے خطیر رقم خرچ کی، سب سے زیادہ اخراجات نواز شریف کے دورے پر آئے تھے۔
نواز شریف نے 7 لاکھ 62 ہزار ڈالرز قومی خزانے سے خرچ کیے، شاہد خاقان عباسی نے دورے پر 5 لاکھ 61 ہزار ڈالرز خرچ کیے، یوسف رضا گیلانی کے دورے پر 4 لاکھ 59 ہزار ڈالرز کا خرچ آیا تھا۔