کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صرف پیسے والے گھر بناسکتے ہیں، کرپشن کی وجہ سے تنخواہ دارطبقے کے لیے گھرہی نہیں بن سکتا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
وزیراعظم پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تنخواہ دار طبقے کے لیے گھر بنانا مشکل ہوگیا، ایک عام آدمی کی سب سے زیادہ ضرورت اس کے گھر کی چھت ہوتی ہے، اسی بات کے پیش نظر 50 لاکھ گھروں کا پروگرام بنایا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 50 لاکھ گھر ان کے لیے ہیں جو خود سے گھر نہیں بناسکتے، ہم نے اس حوالے سے ہاؤسنگ منصوبے کے لیے بہت تیاری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپ میں 80 سے 90 فیصد لوگ گھر بنانے کے لیے بینک سے قرض لیتے ہیں اور پاکستان میں اس کی شرح بہت کم ہے، ہم ایسا قانون لائیں گے جس کے ذریعے لوگ گھر بنانے کے لیے بینکوں سے آسان شرائط پرقرض لے سکیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کو کنسٹرکشن کمپنیاں بنا کر اپنا کام خود شروع کرنا چاہیے، گھروں کی تعمیر سے 40 کے قریب صنعتیں چلنا شروع ہوجاتی ہیں اور ملک میں کنسٹرکشن کا بے پناہ کاروبار شروع ہونے والا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے وفد سے ملاقات کی اور ہزار گنجی دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
وزیراعظم پاکستان نے ہزارہ برادری کے وفد کے مسائل کوسنا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے اقدامات کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں واقع سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔