دبئی : وزیراعظم عمران خان کا کل پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کا امکان ہے، ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا کل دبئی میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورہ پر سعودی عرب روانہ ہوگئے ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، رزاق داؤد اور وزیر اطلاعات فوادچوہدری بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
دو روزہ سرکاری دورے میں وہ سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔
عمران خان بدھ کی شام سعودی عرب سے ابوظہبی روانہ ہوں گے، جہاں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد وزیراعظم کا ایئرپورٹ پراستقبال کریں گے۔
دورہ متحدہ عرب امارات میں وزیراعظم عمران خان کا کل دبئی میں ہونیوالے پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کا امکان ہے۔
یاد رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کوئی شک نہیں بھارت کے خلاف میچ میں پرفارمنس دکھانے والا ہیرو بن جاتا ہے، قومی ٹیم بھارت کے خلاف میچ کیلئے پوری طرح تیار ہے، وزیراعظم عمران خان آئیں گے تو کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھے گا۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان آئیں گے تو کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھے گا، سرفراز احمد
خیال رہے وزیراعظم کو دورے کی دعوت متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے دی تھی۔
واضح رہے ایشیا کپ میں کا سب سے بڑا ٹاکرا کل پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان ہوگا۔
متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شریک ہیں۔