اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سہولتوں کی آن لائن فراہمی کیلئے جدید ایپ کا اجراء کر دیا ، جس کے تحت شہریوں کو 43 مختلف سہولتوں کی آن لائن فراہمی حاصل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے شہریوں کو دہلیز پر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کامیاب ہوگئی ، وزیراعظم عمران خان نے سہولتوں کی آن لائن فراہمی کیلئےجدید ایپ لانچ کر دی۔
ایپ ضلعی انتظامیہ،نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ،نادرا نے ملکرتیار کی۔ جس کے تحت شہریوں کو 43 مختلف سہولتوں کی آن لائن فراہمی حاصل ہوگی۔
ایپ سے اسلام آبادکےشہریوں کو لمبی قطاروں،طویل انتظارکی زحمت سے بھی چھٹکارا مل گیا ہے، شہری گھر بیٹھے ای پولیسنگ، ایمرجنسی سروسز، ضروری سرٹیفکیٹس لے سکیں گے۔
جدید ایپ کی مدد سے ڈومیسائل، شناختی کارڈ، اراضی فرد،اسلحہ لائسنسز بھی آن لائن ملیں گے جبکہ گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکسزکی ادائیگی کی سہولت بھی حاصل ہوگی اور شہریوں کوپیدائش،ڈیتھ سرٹیفکیٹس کےلئے بھی دفاتر نہیں جانا پڑے گا۔
بالخصوص کرونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق اگر کسی فارمیسی پر ماسک موجود نہیں ہیں تو شہری اس ایپ کے ذریعے اس فارمیسی کی تصویر کھینچ کر اس ایپ پر بھیج سکتے ہیں جس سے انتظامیہ بروقت کاروائی کر سکے گی، اس کےعلاوہ یہ ایپ فارمیسی کے مالکان کے خلاف کارروائی میں بھی نہایت مدد گار ثابت ہو گی جو شہریوں کو مہنگے ماسک بیچ رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر یہ ایپ کافی مدد گار ثابت ہو گی، ایسی ایپ کا لانچ ہونا پاکستان میں انقلاب کے برابر ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دفاتر کے چکر لگانےوالےعام آدمی کی زندگی متاثر ہوتی ہے، یہ ایپ اسلام آباد میں کامیاب ہوئی تو دیگرشہروں میں بھی لیکر جائیں گے، یہ معاملات پاکستان کو21صدی کےتقاضےپورےکرنے میں مدد دیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پچاس بستروں پر مشتمل آئسولیشن اسپتال اورمتعدی امراض کی علاج گاہ کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔
کورونا آئسولیشن مرکز پر وزیراعظم عمران خان کو چیئرمین این ڈی ایم اے اوردیگرافسران نےبریفنگ دی، بریفنگ کےبعد وزیراعظم نے کورونا آئسولیشن مرکزکا دورہ کیا اور سہولیات اورانتظامات کاجائزہ لیا، اس موقع پرمعاون خصوصی براہ صحت ڈاکٹرظفرمرزااورچینی سفیر بھی موجود تھے۔