اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے آئندہ ماہ بحرین ، سوئٹزرلینڈ اور ملائیشیا کے دورے کا امکان ہے، عمران خان جنیوا میں پناہ گزینوں پرعالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے آئندہ ماہ تین ممالک کے دورے کا امکان ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم15 دسمبر سے 21 دسمبر تک 3غیر ملکی دورے کریں گے، عمران خان 16 دسمبر کو 2 روزہ دورے پر بحرین ، 17 دسمبرکو 2روزہ دورےپرسوئٹزرلینڈجائیں گے، جہاں وہ جنیوا میں پناہ گزینوں پرعالمی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان 19 دسمبر کو 3روزہ دورے پر ملائشیا جائیں گے اور 21 دسمبر کو وطن واپس پہنچیں گے۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت بالآخردرست سمت میں جارہی ہے، ہماری معاشی اصلاحات کا پھل ملنا شروع ہوگیا، اکتوبر میں پاکستان کے جاری کھاتے سرپلس ہوگئے، جاری کھاتوں کا یہ سر پلس 4 سال میں پہلی بار آیا ہے ، جاری کھاتے 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سر پلس رہے ، گزشتہ سال اکتوبرمیں جاری کھاتوں میں 1ارب 28 کروڑ ڈالر کا خسارہ تھا۔
مزید پڑھیں : ہماری معاشی اصلاحات کا پھل ملنا شروع ہوگیا، وزیراعظم عمران خان
خیال رہے گذشتہ سال نومبر میں وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کا دورہ کیا تھا ، دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی تھی جبکہ دونوں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی تھی۔
دورہ ملائیشیا کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دفاع، تعلیم، سیاحت، کرپشن کے خاتمہ اوردیگرامورمیں تعاون پراتفاق کیا، ملائیشیا نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاکستان کی کامیاب کوششوں کوسراہا۔
پاک ملائیشیا وزرائےاعظم کی روابط بڑھانےکی ضرورت پرزور دیا تھا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمہ کا معاہدہ بھی ہوا تھا ، ویزوں کے جزوی خاتمے کے معاہدے سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری آئے گی جبکہ آئندہ سال اسلام آباد میں پاکستان، ملائیشیا پہلی مشترکہ مشاورت کے انعقاد پر بھی اتفاق ہوا تھا۔