اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم نے آرمی چیف کو دورہ چین سے متعلق آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ملک میں امن و امان کی صورتحال اور داخلی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کے دورہ چین پربھی بات چیت کی گئی اور وزیراعظم نے آرمی چیف کو دورہ چین سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔
اس کے علاوہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مذہبی جماعت کے دھرنے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قو می سلامتی کمیٹی اجلاس جاری ہے ، اجلاس میں عسکری قیادت،انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان شریک ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں داخلی سلامتی کے امور زیر غور آئیں گے۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس جاری
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ چین سے متعلق ارکان کو اعتماد میں لیں گے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور اس سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کا امکان ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں پاک افغان سرحدی سیکیورٹی سمیت افغان مصالحتی امن عمل سے متعلق امورزیر غور آئیں گے۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔
یاد رہے گذشتہ رات وزیراعظم عمران خان اپنا 5 روزہ دورہ چین مکمل کرکے وطن واپس پہنچے تھے، دورے کے موقع پر عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین پر پاک چین مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ دونوں ملک اچھے ہمسائے، قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ باہمی دوستی وتعاون کا خطے اور خطے سے باہرامن واستحکام میں اہم کردار ہے، دونوں ملک باہمی تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل المدت تناظرمیں دیکھتے ہیں