اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں چینی بزنس کمیونٹی کے وفد نے تین سے پانچ سال میں 5ارب ڈالر سے زائدکی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرادی ، سرمایہ کاری سے پہلے سال 85ہزار سے زائد نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چینی بزنس کمیونٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد میں 55سے زائد مختلف چینی کمپنیوں کے سربراہان اور سفیر شامل تھے ، یہ ملاقات وزیراعظم کے دورے میں معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کی کڑی تھی۔
ملاقات میں چینی وفد نے وزیراعظم کو تین سے پانچ سال میں 5ارب ڈالر سے زائدکی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی جبکہ چھوٹے اور درمیانے شعبے کی چینی کمپنیوں نے سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی کیا اور چھوٹے اور درمیانے شعبے کی چینی کمپنیوں نے انڈسٹری پاکستان منتقل پر غور کیا۔
سرمایہ کاری سے پہلے سال 85ہزار سے زائد نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان چین کی عوام دوستی کےمضبوط بندھن میں بندھے ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، چین کی قیادت کے وژن اور تدبر سے متاثر ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا چین کا امن و ترقی،گورننس اور انسداد غربت کی حکمت عملی متاثر کن ہے، ہم چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے کہا سی پیک منصوبہ پاکستان چین دوستی کو مزید مستحکم کرےگا، منصوبہ تجارتی تعلقات کےفروغ میں بھی گیم چینجر ثابت ہوگا، سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا ترجیح ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا سی پیک منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کیلئے خصوصی شعبہ قائم کیا، منصوبوں کی بلا رکاوٹ پیشرفت کویقینی بنایا جارہا ہے، حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے آسانیاں پیدا کررہی ہے۔