اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو ہدایات دی ہیں کہ بورڈ میں ایسا کوئی شخص نہیں ہونا چاہیے جو خرابی پیدا کرے، سازشی ٹولے کو بے نقاب کیا جائے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کی۔
ملاقات میں پی سی بی کے موجودہ بحران پر حکمت عملی اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے احسان مانی کو اہم ہدایات دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بورڈ میں ایسا کوئی شخص نہیں ہونا چاہیے جو معاملات میں خرابی پیدا کرے، ایسے سازشی ٹولے کو بے نقاب کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا دباؤ اور بلیک میلنگ ہرگز قبول نہ کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرکٹ میں صرف اور صرف بہتری چاہیے، ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ فوری طور پر تبدیل کریں، کرکٹ کے معاملات میرٹ پر چلائیں، علاوہ ازیں وزیراعظم نے احسان مانی کو تفصیلی ملاقات کیلئے آئندہ ہفتے پھر طلب کرلیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی ملاقات
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اور انتظامیہ نے گزشتہ روز بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی پی سی بی حکام نے وزیراعظم کو ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں دلیری کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔
وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب کپتان دلیری کے ساتھ کھیلے گا تو ٹیم بھی دلیری کے ساتھ کھیلے گی۔