کراچی: وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات کا شیڈول طے ہو گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وزیر اعظم عمران خان سے گورنر ہاؤس میں ون آن ون ملاقات کریں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ ترقیاتی و مالیاتی اشوز، زیر تعمیر منصوبوں سمیت دیگر امور پر بریفنگ دیں گے۔ اس اہم ملاقات میں آئی جی سندھ کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے سفارشات تیار کر لی گئی ہیں جو آج گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم کو پیش کی جائیں گی، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ وزیر اعظم سے سفارش کریں گے کہ گرین لائن منصوبہ جلد مکمل کیا جائے، کے فور منصوبے کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں، اور آئی جی سندھ کی تبدیلی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔
کراچی کے مسائل حل کرنے کا عزم، وزیر اعظم آج کراچی پہنچیں گے
ملاقات میں مراد علی شاہ سفارش کریں گے کہ این ایف سی ایوارڈ کی مد میں سندھ کے بقایا جات جاری کیے جائیں، سی سی آئی اجلاس کے منٹس میں غلطیوں کو بھی درست کیا جائے، صوبے کے معاملات میں وفاقی وزرا کی مداخلت روکی جائے، اور وفاق کے کراچی میں جاری منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔
خیال رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان شہر قائد کے بڑھتے مسائل حل کرنے کا عزم لیے ایک روزہ دورے پر کراچی آئیں گے، انھیں سندھ کے امن و امان پر بریفنگ دی جائے گی، جی ڈی اے کے وفد کی ملاقات بھی شیڈول ہے، پیر پگارا سے بھی ملاقات ہوگی تاہم ایم کیوایم سے ملاقات طے نہیں ہو سکی ہے۔
وزیر اعظم گورنر ہاؤس میں کام یاب نوجوان پروگرام کا افتتاح بھی کریں گے، شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔