دوحہ: وزیرِ اعظم عمران خان نے دو روزہ دورے پر قطر پہنچنے کے بعد دوحہ میں اپنے قطری ہم منصب سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان دو روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے ہیں جہاں انھوں نے اپنے قطری ہم منصب عبد اللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی۔
پاک قطر وزرائے اعظم کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین باہمی اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
قطر کے وزیرِ اعظم عبد اللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی نے ملاقات کے بعد وزیرِ اعظم پاکستان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قطر کے وزیر اعظم عزت مآب عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے دوحہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات
جناب عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی ریاست قطر کے وزیر داخلہ بھی ہیں@ImranKhanPTI#PMIKVisitsQatar pic.twitter.com/ISB8Uvk2dz— PTI (@PTIofficial) January 21, 2019
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر قطر میں ہیں، قطر پہنچنے پر نائب وزیرِ خارجہ سلطان بن سعد نے ان کا استقبال کیا۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود، وزیرِ خزانہ اسد عمر، خسرو بختیار، غلام سرور خان، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد اور زلفی بخاری بھی وزیرِ اعظم کے ہم راہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے
قبل ازیں وزیرِ اعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورۂ قطر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، قطر اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان برادرمسلم ممالک کے درمیان مثالی تعلقات کا خواہاں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران پاکستان 4 ارب ڈالر ادھار ایل این جی کی درآمد پر بات کرے گا، پاکستان ایل این جی کی قیمت پر نظرِ ثانی کی تجویز بھی دے گا، دوسری طرف فیفا ورلڈ کپ 2022 کے لیے ایک لاکھ نوکریوں کے کوٹے کا مطالبہ کیا جائے گا۔