اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 8 ماہ کی قلیل مدت میں عوامی فلاح و بہبود کے 36 منصوبے شروع کیے۔ عوام کو با اختیار بنانے کے لیے مقامی حکومتوں کا نظام متعارف کروا دیا ہے۔
تفصیلات کے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپنے منشور کو عملی جامہ پہنانے کی ہر ممکن کوشش کی، 8 ماہ کی قلیل مدت میں عوامی فلاح و بہبود کے 36 منصوبے شروع کیے۔ اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے اہم منصوبوں پر کام تیز کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لیے پہلی دفعہ ’احساس‘ پروگرام شروع کیا۔ پروگرام سے صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی میں مدد ملے گی، ریاست معاشرے کے کمزور طبقوں کی ضروریات پوری کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے لیے حکومتی وسائل کا منظم استعمال یقینی بنایا جا سکے گا۔ ملکی سیاحت کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہے ہیں۔ عوام کو با اختیار بنانے کے لیے مقامی حکومتوں کا نظام متعارف کروا دیا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان اور 50 لاکھ گھروں کا منصوبہ اہم اقدامات ہیں۔ زراعت میں جدت اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر کام تیز ہو چکا ہے۔ انصاف فراہمی پر اقدامات حکومت کے اہم منصوبوں میں سرفہرست ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پناہ گاہوں کے قیام کا منصوبہ کمزور اور نادار طبقوں کی فلاح کے لیے ہے۔ حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا مکمل احساس ہے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ فلاحی منصوبوں سے متعلق عوام کو مکمل آگاہی فراہم کی جائے۔