اسلام آباد : وزیراعظم نے غربت کے خاتمہ کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا، عمران خان آئندہ ہفتے غربت میں کمی کیلئے پالیسی کااعلان کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں غریب عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ملک بھر میں غربت مٹاؤ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بنی گالہ میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا.
اس موقع پر فواد چوہدری، سینیٹر فیصل جاوید اور افتخار درانی، نعیم الحق اور دیگر بھی موجود تھے، وزیراعظم نے ملک کی معاشی صورتحال کو ہر قمیت پر مستحکم کرنے کا عزم کا اظہار کیا.
اجلاس میں وزیراعظم نے رہنماؤں کو غربت میں کمی کیلئے فریم ورک بنانے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ غربت میں کمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، عام شہریوں کی زندگی پہلے سے بہتر دیکھنا چاہتا ہوں۔
علاوہ ازیں اجلاس میں حکومتی کارکردگی اور سو روزہ پلان کا جائزہ اور تحریک انصاف کی تنظیم نو کے امور پر بھی مشاوت کی گئی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور چین کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے برطانیہ کے صحافیوں نے ملاقات کی، یہ ملاقات چیئرمین سیکرٹریٹ بنی گالہ میں ہوئی، ملاقات میں حکومتی کارکردگی اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر بات چیت کی گئی۔