اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نئی سوچ اور بہتر طرز حکومت کی ضرورت ہے، افسران ذمہ داریاں جہاد اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ترقی پانے والے والے وفاقی سیکرٹریز نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افسران کی ترقی کارکردگی اورمیرٹ کو مدنظر رکھ کر کی گئی، امید ہے افسران فرض شناسی سے ملک وقوم کی خدمت کریں گے، پاکستان تاریخ کے اہم دوراہے پرکھڑا ہے، ملک کی تعمیروترقی کو بیوروکریسی نے بھی عملی جامہ پہنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک آج خطے میں دوسرے ممالک سے قدرے پیچھے رہ گیا، ملک پیچھے رہ جانے کی مختلف وجوہات ہیں، نئی سوچ اور بہتر طرز حکومت کی ضرورت ہے، آج سیاسی قیادت اور بیوروکریسی نے مستقبل کا تعین کرنا ہے۔
وزیراعظم سے ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کی ملاقات
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل اور افرادی قوت سے نوازا ہے، افسران ذمہ داریاں جہاد اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی طرز حکومت کے ضمن میں بھرپور کردار ادا کرے، بہتر طرزحکومت سے متعلق وفاقی بیوروکریسی مثال قائم کرے، سیکرٹریز اپنی توانائیاں اورتجربہ ملک وقوم کے لیے بروئےکار لائیں۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں کی وجہ سے آج معاشی استحکام ہے، سرمایہ کار وکاروباری برادری پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، عالمی ادارے بھی معیشت میں بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔