واشنگٹن : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان امریکی سرماریہ کاروں کو پاکستان میں ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے امریکی بزنس ایگزیکٹو کے وفد نے ملاقات کی۔ پاکستانی سفارت خانے میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان نے بزنس ایگزیکٹو کے وفد کو نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی کے لیے حکومت کے حالیہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ حکومت امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہرممکن تعاون فراہم کرے گی، جس پر وفد کی جانب سے سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا گیا۔
پاکستانی سفارت خانے میں ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کو امریکی کمپنیوں کے سرمایہ کاری اور بزنس پلان سے بھی آگاہ کیا گیا۔
امریکی صدر نے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان وائٹ ہاؤس پہنچے تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کا استقبال کی، دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا۔ پہلے مرحلے میں وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت میں ثالثی کی پیشکش بھی کی۔