کوالالمپور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملائیشیا نے مہاتیرمحمد کی قیادت میں تیزی سے ترقی کی، ان کے ماضی کے تجربات سے سیکھنے کے لیے ملائیشیا آئے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق ملائیشیا کے دورے پر گئے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ملائیشیا ایک جیسے حالات سے گزررہے ہیں۔
مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے غیرملکی رہنما ہیں جن کا میں خیرمقدم کررہا ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اگلے سال مارچ میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاتیر محمد اور مجھے عوام نے کرپشن کے خلاف ووٹ دیا، مہاتیر محمد کے ماضی کے تجربات سے سیکھنے کے لیے ملائیشیا آئے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا نے مہاتیرمحمد کی قیادت میں تیزی سے ترقی کی، اقتصادی ترقی کے لیے مہاتیرمحمد کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاحتی مراکزکے قیام کے لیے ملائیشیا تعاون کرے گا، پاکستان میں سیاحت اوردیگرشعبوں میں بہتری کی گنجائش ہے۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ملائیشین وزیراعظم مہاتیرمحمد 23 مارچ کو یوم پاکستان تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے پرملائیشیا پہنچ گئے
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے پر کوالامپور پہنچے جہاں ملائیشین نائب وزیرخارجہ اوروزیراعظم آفس ملائیشیا کے نائب وزیر نے ان کا استقبال کیا تھا۔