اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے قومی شجر کاری مہم میں حصہ لینے والے مہمند ایجنسی کے خوش و خرم بچوں کی تصاویر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے شیئر کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کی طرف سے شروع کردہ ایک روزہ شجر کاری مہم میں پاکستان بھر سے شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، مہمند ایجنسی میں بھی لوگوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔
عمران خان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے بچوں کی تصاویر شیئر کیں جس میں وہ ہنستے کھیلتے شجر کاری مہم میں حصہ لے کر پودے اُگا رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’مہمند کے بچوں کو بے فکری کے ساتھ ہنستے کھیلتے ’پلانٹ فار پاکستان‘ مہم میں حصہ لیتے دیکھ کر بے پناہ مسرت ہو رہی ہے۔‘
What a pleasure to see the children of Mohmand carefree & full of joy as they take part in #Plant4Pakistan. We are committed to mainstreaming of what was FATA & now is part of KP, in terms of human development. pic.twitter.com/BjhbytZTR2
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 4, 2018
انھوں نے مزید لکھا کہ انسانی ترقی کے تناظر میں ہم نے عزم کر رکھا ہے کہ فاٹا جیسا کہ یہ ماضی میں تھا اور اب یہ خیبر پختونخوا کا حصہ ہے، اسے مرکزی دھارے میں لا کر رہیں گے۔
مزید پڑھیں: پورے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے، وزیر اعظم
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم نے اتوار کو ایک روزہ درخت اگاؤ مہم کا آغاز کیا تھا جس میں پورے ملک میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ عمران خان نے خود بھی حکومتی بلین ٹری سونامی میں حصہ لیتے ہوئے ہری پور میں پودا اُگا کر مہم کا آغاز کیا تھا۔
واضح رہے کہ درخت اگاؤ مہم کا آغاز خیبر پختونخوا کی حکومت نے کیا تھا اور بہت بڑی تعداد میں پودے اگائے تھے، جس کے بعد اے آر وائی نیوز نے بھی درخت اُگاؤ مہم شروع کیا، اور پاک فوج کی جانب سے بھی ایک مہم چلائی گئی۔