اسلام آباد: کراچی میں بارشوں سے تباہ کاریوں پر ملک بھر میں سیاسی پارہ ہائی ہونے کے بعد وفاق نے میٹروپولیٹن کراچی کے لیے منصوبوں اور فنڈز کے اجرا کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 3 ستمبر کو خصوصی دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں، اس موقع پر وہ کراچی کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے۔
وزیر اعظم کراچی کے انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے منصوبوں کا بھی اعلان کریں گے، دورے کے دوران وزیر اعظم کی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں ہوں گی، اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی کراچی میں ملاقات ہوگی۔
اس ملاقات میں کراچی کے لیے مجوزہ منصوبوں اور فنڈز پر مشاورت ہوگی، وزیر اعظم بارشوں سے نقصانات اور صورت حال پر خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
وزیراعظم کی رواں ہفتے “کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کو حتمی شکل دینے کی ہدایت
خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی 2 ستمبر کو کراچی کے دورے پر آ رہے ہیں، شہباز شریف بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
قبل ازیں، آج اسلام آباد میں کراچی کے مسائل کے مستقل حل کے سلسلے میں وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا تھا، وزیر اعظم نے اس میں ہدایت کی کہ ’کراچی ٹرانسفارمیشن پلان‘ کو رواں ہفتے حتمی شکل دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے، کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کے لیے وفاق بھرپور کردار ادا کرے گا۔