چکوال: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ارکان نے استعفے دئیے تو ان میں فارورڈ بلاک بن جائے گا۔
اے آر وائی نیو زکی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چکوال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے لکھوالیں یہ استعفے دیں گے تو ان میں فارورڈ بلاک بنیں گے، الیکشن میں کروڑوں خرچ کرنے والے ان کے کہنے پر استعفے کیوں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان 12ویں کھلاڑی ہیں ان کے کہنے پر استعفیٰ کون دے گا،مولانا کا کوئی ذریعہ معاش نہیں ہے، ان کے پاس اربوں کی پراپرٹی ہے لیکن کسی کو آمدن کا پتا نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ان کی پارٹی کے لوگوں کو پتا ہے یہ سب کچھ اپنی کرپشن بچانے کے لیے کررہے ہیں، جواب انہوں نے دینا ہے اور قربانی اپنے ارکان سے مانگ رہے ہیں، ان کے ارکان اسمبلی کبھی قربانی نہیں دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ لوگوں کوبیوقوف سمجھتے ہیں اورحقارت سے دیکھتے ہیں،انہیں مینارپاکستان پرپتا چل گیا لاہوری بے وقوف ہیں یانہیں،جس نے یہ سمجھا کہ قوم بے وقوف ہے اس سے بڑا بے وقوف کوئی نہیں، پوری قوم جانتی ہے 30 سال سے یہ ملک پر ظلم کررہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ توانائی سے متعلق امور پر قوم سے جلد خطاب کروں گا، برصغیر میں سب سے مہنگی بجلی پاکستان میں ہے، کوشش کررہے ہیں عوام پر قیمتوں کا بوجھ نہ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ قرضے ملک پر بوجھ بن چکے ہیں، آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں، برآمدات بڑھانے، درآمدات میں کمی کے لیے موثر اقدامات کررہے ہیں۔