بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

وزیراعظم کا کینیڈین ہم منصب سے رابطہ، کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کینیڈین ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے جسٹن ٹروڈو کو کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کینیڈین ہم منصب جسٹن ٹروڈو سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کینیڈین ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں کرفیو و لاک ڈاؤن کے خاتمے کا مطالبہ دہرایا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جسٹن ٹروڈو کی قیادت میں پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات بہتر ہوں گے، مقبوضہ وادی میں 4 ماہ سے جاری تناؤ کے خاتمے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: دنیا کشمیر کے غیرقانونی الحاق، بھارتی فوج کے قبضے پر کارروائی کرے، وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے، مسئلے کا جامع اور پر امن حل ضروری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم سے امریکی اور برطانوی انسانی حقوق کے ماہر وکلا نے ملاقات کی تھی جس میں وزیراعظم نے مظلوم کشمیری عوام پر مظالم کو اجاگر کیا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی برادری کے ضمیر کا ٹیسٹ ہے، دنیا کشمیر کے غیرقانونی الحاق اور بھارتی فوج کے قبضے پر کارروائی کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے، کشمیریوں کی خواہش کے مطابق مسئلے کے حل تک حمایت جاری رہے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں