اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے دنیا بھر سے طیارہ حادثے پر افسوس کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے کہا کہ الم ناک فضائی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیتی پیغامات بھجوانے پر میں عالمی رہنماؤں کا شکر گزار ہوں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اور غم کی اس گھڑی میں تعاون اور یک جہتی کی قدر کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی رہنماؤں نے سوگ کے ان لمحات میں ہماری ڈھارس بندھائی، اور اظہارِ یک جہتی کیا۔ میں تعزیتی پیغامات بھجوانے والے تمام رہنماؤں شکریہ ادا کرتا ہوں۔
I thank world leaders for reaching out to condole over the tragic air crash and loss of precious lives. The people of Pakistan value this support and solidarity in our hour of grief.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 22, 2020
خیال رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی صدر عارف علوی کے نام خط لکھ کر کراچی میں طیارہ حادثے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے، انھوں نے خط میں لکھا کہ طیارہ حادثے میں اموات پر انھیں گہرا دکھ اور افسوس ہوا ہے۔
گزشتہ روز اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف التھائی مین نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا تھا، انھوں نے کہا پاکستان میں طیارہ حادثے می انسانی جانوں کے ضیاع پر او آئی سی کے تمام ممالک کو افسوس ہے۔
شاہ سلمان کا طیارہ حادثے پر پاکستان سے افسوس کا اظہار
قبل ازیں افغان صدر، بھارتی اور کینیڈین وزرائے اعظم سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی طیارہ حادثے پر پاکستان سے افسوس کا اظہار کیا۔
کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کینیڈین عوام آج آپ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے آنے والا طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں 97 افراد جاں بحق ہوئے، حادثے میں بینک آف پنجاب کے سربراہ سمیت 2 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے، 97 میں سے اب تک صرف 19 افراد کی شناخت کی جا چکی ہے۔