اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے نئی ویزا پالیسی کا افتتاح کر دیا، جس کے تحت 175 ملکوں کے لیے آن لائن ویزا جب کہ 50 ممالک کے شہریوں کو آن ارائیول ویزا جاری ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج نئی ویزا پالیسی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں 5 ممالک کے شہریوں کو ای ویزا ملیں گے، جن میں برطانیہ، چین، ترکی، ملائیشیا اور یواے ای کے شہریوں کو سہولت میسر ہوگی جب کہ پچاس ممالک کے شہریوں کو آن ارائیول ویزا جاری کیا جائے گا۔
حکومت پاکستان کی جانب سےویزا فیس میں بھی کمی کی گئی ہے۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 175 ملکوں کے شہریوں کیلئے بھی ای ویزا سہولت ہوگی جبکہ 90 ملکوں کیلئے بزنس ویزا پالیسی لارہے ہیں۔
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے 25 ممالک کے 60 سے زائد مندوبین کی ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا آج کا پاکستان یکسر تبدیل ہوچکا ہے، نیاپاکستان پرامن اورابھرتےہوئےسماجی ومعاشی مواقعوں سے بھرپور ہے۔
عمران خان نے کہا تھا معروف بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے ہیں، بزنس کمیونٹی کومنافع بخش کاروبارکےمواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
یاد رہے 8 فروری کو وزیراعظم کے خصوصی مشیر زلفی بخاری نے برطانیہ سمیت 5 ممالک کیلئے پاکستان آمد پر ویزا دینے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ برطانوی شہریوں کو آئندہ ماہ سے ویزہ آن ارائیول فراہم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : سیاحت کا فروغ، حکومت نے نئی اور آسان ویزا پالیسی کا اعلان کردیا
واضح رہے جنوری کے آخر میں حکومت نے سیاحوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کیا تھا ، جس کے تحت پچاس ممالک کے سیاحوں کو آن آرائیول اور 175 کو ای ویزا سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس سے قبل کہ 13 جنوری 2019 وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا تھا کہ حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے 66 ممالک کے لیے پاکستان کا ویزا ختم کر رہی ہے، تاکہ ان ممالک سے لوگ آئیں اور پاکستان میں منعقد ہونے والے فیسٹیولز کو انجوائے کریں۔
بعد ازاں حکومت پاکستان نے 97 ممالک کے لیے ویزا شرائط نرم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔