پیر, دسمبر 9, 2024
اشتہار

"رکھ دی ہے بنیاد نئے پاکستان کی”، وزیراعظم 100روزہ کارکردگی سے آج قوم کو آگاہ کریں گے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے پہلے 100 دن مکمل کرلئے ہیں ،اس دوران حکومت نے کون سے اہداف حاصل کرلیے اور کون سے باقی ہیں؟، وزیراعظم عمران خان حکومت  سوروزہ پرفارمنس سے آج قوم کو آگاہ کریں گے۔ تقریب کی ٹیگ لائن’’رکھ دی ہے بنیاد نئے پاکستان کی‘‘ طے کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کے سو روزہ پلان پر پیشرفت سے متعلق اہم تقریب آج اسلام آباد میں جناح کنوینشن میں ہوگی، تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوگا اور گلوکارنجم شیراز ملی نغمہ پیش کریں گے جبکہ تقریب کی میزبانی سینیٹر فیصل جاوید کریں گے، 100 روزہ تقریب کی ٹیگ لائن "رکھ دی ہے بنیاد نئے پاکستان کی ” رکھی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کارکردگی سے متعلق تقریب سے اہم خطاب کریں گے اور سو روز میں مکمل منصوبوں، اقدامات اور کامیابیوں سے متعلق قوم کو آگاہ کیا جائے گا جبکہ عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات کریں گے۔

- Advertisement -

تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے خطابات، غیر ملکی دوروں میں کامیابیوں پر مشتمل ڈاکیومنٹری بھی دکھائی جائے گی۔ وزارتوں کی الگ الگ پرفارمنس کے بجائے مشترکہ حکومتی کارکردگی پیش کی جائے گی۔

سرکاری تقریب میں وفاقی وزرا،وزیراعظم کے مشیران اورمعاونین خصوصی مدعوطورپرمدعو ہیں جبکہ پی آٹی آئی کےارکان قومی اسمبلی وارکان سینیٹ کو بھی اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ موصول


 چند روز قبل 100روزہ پلان کے تحت وزیر اعظم عمران خان وزارتوں کی کارکردگی قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارتوں کو پہلے مرحلے کی کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد تمام وزارتوں کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ وزیراعظم کو موصول ہوگئی ہے۔

کارکردگی میں وفاقی وزیر مراد سعید اور شیخ رشید کے درمیان سخت مقابلہ ہے، جبکہ باقی وزرا بھی ٹاپ ٹین کی دوڑ میں شامل ہیں،  دونوں وفاقی وزراء نے سو روزہ اہداف بر وقت مکمل کرلیے ہیں ، شیخ رشید کی وزارت نے 2 ارب ،مراد سعید نے 3 ارب سے زائد کی آمدن کا ریکارڈ بنایا۔

کامیاب سفارت کاری اور غیر ملکی رابطوں میں تیزی کے شاندار ریکارڈز میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی کارکردگی میں آگے ہیں جبکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی سب سے آگے ہیں۔

مزید پڑھیں : پاکستان تحریکِ انصاف کے سو 100 دن کیسے رہے

وفاقی وزیر آبی منصوبہ بندی فیصل واوڈا نے بھی مطلوبہ اہداف حاصل کر لیے، ابتدائی دنوں میں ہی وزارت میں داسو ڈیم اورپانی چوری کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کئےگئے اور ملک میں پہلی بارصوبوں کو ٹیلی میٹرز کی تنصیب پر راضی کر لیا۔

اوورسیز پاکستانیوں کے لئے اہم منصوبوں کی شروعات، ذوالفقار بخاری بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں جبکہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے بھی مطلوبہ اہداف حاصل کئے۔

وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ علی زیدی کی کارکردگی بھی بہترین رہی ، 9 بلین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے معاہدے کئے۔

دوسری جانب متعدد وزراء تا حال اہم کامیابیاں حاصل کرنے میں ناکام رہے، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی خالد مقبول صدیقی کوئی بڑا منصوبہ شروع نہ کر سکے، وفاقی وزیر برائے آئی پی سی فہمیدہ مرزا بھی کارکردگی دکھانے میں پیچھے رہ گئیں، سو روز میں کھیلوں سے متعلق کوئی بڑے فیصلے نہ ہو سکے۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھاسکے اور وفاقی وزیرنجکاری میاں محمد سومرو بھی خاطر خواہ اہداف حاصل نہ کر سکے۔

100روزہ پلان کے جائزے کیلئے ویب سائٹ


خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے100روزہ پلان کے جائزے کے لیے ویب سائٹ بنائی تھی ، ویب سائٹ میں پلان کے بنیادی بڑے منصوبوں کو شامل کیا گیا، ویب سائٹ کی مدد سے حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

  پاکستان تحریکِ انصاف کا سو دن کی منصوبہ بندی کا اعلان 


عام انتخابات 2018 سے قبل 20 مئی کو پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سو دن کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ 100 دن کا منشور دے دیا ہے، یہ منشور ہماری سمت کا تعین کررہا ہے۔

سربراہ تحریک انصاف نے مزید کہا تھا کہ سو دن کے پلان کا مقصد حکومت کی تمام پالیسیاں بنانا ہے، سو دن کے پلان میں سوا3کروڑ سرکاری اسکولوں کے بچوں کی تعلیم پر توجہ دینی ہے، مدارس کے25لاکھ بچوں کو اعلیٰ تعلیم دینی ہے، مدارس کے بچوں کو بھی ڈاکٹر بنانا ہے، ہم نے نچلے طبقے کو اوپر لانا ہے، بیورو کریسی کو غیرسیاسی کیا جائے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں