اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا، اجلاس میں مختلف امور پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس صبح ساڑھے 11 بجے وزیر اعظم آفس میں ہوگا جہاں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں کابینہ اب تک کیے گئے فیصلوں پر عملدر آمد کا جائزہ لے گی، کابینہ مختلف ممالک کے ساتھ شعبوں میں تعاون کی منظوری دے گی جبکہ انسداد منشیات پالیسی 2018 بھی کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں میں پیپرا رولز 2004 میں چھوٹ دیے جانے کا امکان ہے، ای او بی آئی کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2010 میں ترمیم کی منظوری دی جائے گی۔
اجلاس کے ایجنڈے میں گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین کی تعیناتی اور زرعی ترقیاتی بینک کے صدر کی تعیناتی کی منظوری بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ کابینہ کا گزشتہ اجلاس 7 فروری کو ہوا تھا، گزشتہ اجلاس میں کابینہ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ گیس کمپنیوں کے آڈٹ کی منظوری بھی دی گئی۔