اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس پیرکو سہ پہر3 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، وزیراعظم عمران خان موجودہ صورت حال پر ارکان کو اعتماد میں لیں گے۔ اجلاس میں اپوزیشن احتجاج پرحکومتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کور کمیٹی اجلاس میں قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کی گئی تھی۔
اداروں کا دفاع سیاست سے بالاتر ہو کر کریں گے: وزیر اعظم کا واضح مؤقف
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں کہا تھا کہ ہمیں احساس ہے کہ فوج نے کن قربانیوں سے ملک سنبھالا، فوجیں ختم ہو جاتی ہیں تو وہ ملک باقی نہیں رہ سکتے، اداروں کا دفاع سیاست سے بالا تر ہو کر کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کی بات بغاوت قرار دے کر حکومت نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔