اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان 27 اپریل کو 3روزہ دورے پر بیجنگ روانہ ہوں گے، دورے میں عمران خان چین کےصدر، وزیر اعظم سمیت اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ، ملاقاتوں میں پاک چین راہ داری منصوبے پر بات چیت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا آئندہ ماہ دورہ چین کا شیڈول طے پاگیا ، ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعظم 27 اپریل کو 3روزہ دورے پر بیجنگ روانہ ہوں گے، وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ سمیت کابینہ ارکان بھی ہمراہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم دوسرے ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت کریں گے ، فورم میں دنیا بھر سے 100سے زائدممالک کے سربراہان اور مندوبین بھی شریک ہوں گے ، وزیر اعظم فورم کےدوران عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعظم چین کےصدر، وزیر اعظم سمیت اعلی قیادت سےملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں پاک چین راہ داری منصوبے پر بات چیت ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان کو دورے کی دعوت چینی صدر شی جن پنگ نے دی تھی۔
مزید پڑھیں : چین کی جانب سے پاکستان کو دو ارب دس کروڑ ڈالر موصول
خیال رہے دو روز قبل چین کی جانب سے پاکستان کو دو ارب دس کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے، جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر17ارب81 کروڑ ڈالر تک جا پہنچے تھے۔
یاد رہے نومبر 2018 میں بھی وزیراعظم عمران خان نے 5 روزہ دورے پر چین گئے تھے ، دورے کے دوران عمران خان نے چینی صدر اور وزیراعظم کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا جبکہ 15 دونوں ممالک کے درمیان 15 معاہدوں اور یاداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے تھے۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین پر پاک چین مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ دونوں ملک اچھے ہمسائے، قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ باہمی دوستی وتعاون کا خطے اور خطے سے باہرامن واستحکام میں اہم کردار ہے، دونوں ملک باہمی تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل المدت تناظرمیں دیکھتے ہیں۔