اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ گورنرہاؤس میں اہم اجلاس کی صدارت اورشوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ افطار ڈنر میں بھی شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں ، دورے کے دوران عمران خان گورنرہاؤس میں اہم اجلاس کی صدارت کے علاوہ افطار ڈنر میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کراچی میں قیام کے دوران شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ افطار ڈنر میں بھی شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کراچی میں قیام کے دوران کراچی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدرات کے علاوہ گورنرسندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے دو روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا پاکستان کا بڑا اور تیسرا شوکت خانم اسپتال کراچی میں زیر تعمیر ہے، امید ہے غریب مریضوں کے لیے عوام ماہ صیام میں شوکت خانم اسپتال کے غریب مریضوں کے لیے عوام ماہ صیام میں دل کھول کرعطیات دیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے اسلام آباد میں شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی عوام اس ملک کی ترقی کی امید ہیں، ملک اس وقت معاشی طور پر مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ معاشی مشکلات کے باوجود ثابت کر کے دکھاؤں گا کہ یہ ملک ترقی کرسکتا ہے۔ ایسا پاکستان سنبھالا ہے جس کی تاریخ میں سب سے مشکل حالات تھے، 70 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ قرضہ اور خسارہ ورثے میں ملا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری قوم کی سب سے بڑی طاقت فلاحی کاموں میں حصہ لینا ہے، شوکت خانم اسپتال عظیم قوم نے بنایا ہے اور وہی اسے چلا رہی ہے، دنیا میں شوکت خانم جیسے اسپتال کی مثال نہیں ملتی۔
بعد ازاں وزیر اعظم نے عطیہ کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ افطار ڈنر میں 20 کروڑ روپے کی خطیر رقم عطیہ کی گئی۔