اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا دورہ کریں گے، اس دوران وزیر اعظم گزشتہ اجلاسوں میں فیصلوں پر عملدر آمد کا جائزہ بھی لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی کابینہ کے وزرا ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان اپنے دورے کے دوران گزشتہ اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں پرعملدرآمد کا جائزہ بھی لیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے گزشتہ ماہ لاہور کا دورہ کیا تھا۔ گزشتہ دورے میں وزیر اعظم نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی تھی۔
وزیراعظم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ میں ہونے والی پیشرفت، مزدوروں کے لیے لیبر کارڈ پالیسی اور پنجاب میں سیاحت کے حوالے سے نئے مقامات کی جائزہ رپورٹ بھی پیش کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ 30 مارچ کو وزیراعظم نے لاہور میں جناح ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کیا تھا، تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان میں چین کی مدد سے ٹرینوں کاجال بچھا دیں گے، پاکستان میں تمام کمزور طبقے کو ہیلتھ کارڈ ملنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اصولی طور پر مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافے کے حق میں ہوں۔ جتنی مہنگائی ہے، مزدوروں کی تنخواہ بڑھنی چاہیئے، میں جھوٹے وعدے نہیں کروں گا۔