لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے مقامی حکام کو ہدایت جاری کی کہ زرعی رقبے پر کسی ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری نہ دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں انہوں نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ دوران اجلاس وزیر اعظم کی جانب سے پنجاب کے بڑے شہروں میں زرعی اراضی پر ہاؤسنگ اسکیمیں بنانے سے روک دیا گیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ زرعی رقبے پر کسی ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں رقبے کے زیادہ استعمال کو روکنے کے لیے بھی نئی حکمت عملی کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق زمین پر پھیلاؤ کی بجائے بلند و بالا عمارتیں تعمیر کی جائیں گی، فیصلے کا مقصد رقبے کا کم استعمال عمل میں لانا ہے۔
اس سے قبل لاہور پہنچنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات ہوئی تھی۔ وزیر اعظم نے نماز جمعہ ایوان وزیر اعلیٰ کی مسجد میں ادا کی، نماز کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تبادلہ خیال ہوا جبکہ بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجنے سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجنے کے فیصلے کو سراہا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے 10 دسمبر کو لاہور کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس سے خطاب کیا تھا۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مشکل حالات سے نکلنے کے لیے بنیادی اقدامات اور جاری کھاتوں کے خسارے کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ سعودی عرب، عرب امارات اور چین سے مثبت ردعمل ملا ہے۔ 2013 میں جاری کھاتوں کا خسارہ ڈھائی ارب تھا، اوور سیز کو سہولیات دینے سے ترسیلات زر 10 ارب تک پہنچ سکتی ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا تھا کہ ایک سرمایہ کار پیسہ بنائے گا، تو دوسرا اسے دیکھ کر سرمایہ کاری کرے گا۔ سرمایہ کار وہیں آتا ہے جہاں اسے فائدہ ہو۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے وزیر اعظم کا دورہ کراچی کا بھی امکان ہے جہاں وہ امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ لیں گے۔