اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج سیاحتی مقام ناران کا دورہ کریں گے ، اس دوران عمران خان کو سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج خیبر پختونخواہ کے ضلع مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران کاایک روزہ دورہ کریں گے ، دورے کے دوران عمران خان کو سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی جبکہ وزیراعظم ناران کی سیاسی شخصیات، اعلی عہدیداروں اور پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزرا، ارکان اسمبلی بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیر اعظم ناران اور ضلع مانسہرہ میں صوبہ خیبر پختونخوا کی طرف سے شروع کیے گئے سیاحت اور ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں کا آغاز کریں گے۔
یاد رہے 22 جون کو وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی ملاقات ہوئی تھی ، جس میں صوبائی بجٹ ا کے علاوہ داسو اور کوہستان میں سیاحت کے فروغ اور متعلقہ منصوبوں پر بھی تبادلہِ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل 6 فروری کو وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں سیاحت کے بے پناہ مواقعوں سے فائدہ اٹھانے پر زور دیتے ہوئے صوبائی حکومت کو کے پی میں ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے سیاحت اور جنگلات کے تحفظ کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔