اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے ترک صدر کی مدد سے کارکے کمپنی کو جرمانے کی ادائیگی کا مسئلہ حل کرلیا، حکومتی ٹیم کو مقصد کےحصول میں کارکردگی پر مبارکباد دیتا ہوں۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مختصر پیغام میں کہی، ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ کارکے کمپنی تنازع کا حل حکومت کی بڑی کامیابی ہے، ہم نے ترک صدر کی مدد سے کارکے کا مسئلہ حل کرلیا، تنازع حل ہونے سے پاکستان کو1ارب20کروڑ ڈالر کا ہرجانہ نہیں دینا پڑے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترک صدر کی مدد سے کارکے کا مسئلہ مفاہمانہ طور پر حل ہوا، تنازعے میں عالمی عدالت نے پاکستان پر1ارب20کروڑ ڈالرکا ہرجانہ کیا تھا، حکومتی ٹیم کو مقصد کےحصول میں کارکردگی پر مبارکباد دیتا ہوں۔
صدر اردگان کی مدد سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کارکے تنازعہ کامیابی سے حل کرلیا ہے اور آئی سی ایس آئی ڈی کی جانب سے پاکستان پر عائد کئے گئے 1.2ارب ڈالرز جرمانے کی رقم بچا لی ہے۔ اس شاندار کامیابی پر میں حکومت کی مذاکراتی ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 4, 2019
واضح رہے کہ ترکی سے تعلق رکھنے والی کارکے کمپنی کے ساتھ موجودہ حکومت کے معاملات طے پاگئے ہیں۔ پیپلز پارٹی دور حکومت میں کارکے کمپنی نے پاکستان کو بجلی پیدا کرنے والے بحری جہاز فراہم کیے تھے۔
اس منصوبے کو سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے رکوا دیا تھا جس کے خلاف کمپنی نے آئی سی ایس آئی ڈی سے رجوع کیا تھا۔
رواں سال جولائی میں انٹرنیشنل کورٹ آف سیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈسپیوٹ نے ریکوڈک کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان پر بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے 1ارب20کروڑ ڈالر کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ پاکستان پر یہ ہرجانہ ریکوڈک کا معاہدہ منسوخ کرنے کے باعث عائد کیا گیا تھا۔