اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان ہفتے کو لاہور کا دورہ کریں گے ، دورے کے دوران پنجاب انرولمنٹ پالیسی کاافتتاح، پنجاب کابینہ اجلاس کی صدارت اور وزراکی کارکردگی سےمتعلق بھی جائزہ لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہفتے کو لاہور آمد کا شیڈول جاری کردیا گیا ، جس کے تحت وزیراعظم گورنرہاؤس میں پنجاب انرولمنٹ پالیسی کا افتتاح اور موجوداسکولزمیں بچوں کے داخلے کے ٹارگٹ کا بھی اعلان کریں گے۔
پنجاب میں تمام بچوں کواسکول لانےکی پالیسی تیارکی گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان دورے کے دوران پنجاب کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے اور وزرا کی کارکردگی سےمتعلق بھی جائزہ لیں گے جبکہ گورنرپنجاب چوہدری سرورسے اہم ایشوز پر بریفنگ لیں گے۔
وزیراعظم کو پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پرعملدآمدرپورٹ اور اوورسیزکمیشن کی کارکردگی پربھی بریفنگ دی جائےگی۔
مزید پڑھیں : زرعی رقبے پر کسی ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری نہیں دی جائے گی، وزیراعظم
یاد رہے یکم مارچ کو وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے تھے، جہاں انہوں نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پنجاب کے بڑے شہروں میں زرعی اراضی پر ہاؤسنگ اسکیمیں بنانے سے روک دیا تھا جبکہ رقبے کے زیادہ استعمال کو روکنے کے لیے بھی نئی حکمت عملی کی منظوری دی گئی تھی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ زرعی رقبے پر کسی ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری نہیں دی جائے گی۔
اس سے قبل لاہور پہنچنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تبادلہ خیال ہوا جبکہ بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجنے سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجنے کے فیصلے کو سراہا تھا۔