اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے متعلق دفترخارجہ نے اعلامیہ جاری کردیا، ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم عمران خان کوسعودی شاہ محل میں گارڈ آف آنربھی پیش کیا گیا، وزیراعظم اور ان کے وفد کےاعزاز میں شاہی ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ عمرہ بھی ادا کیا، اس موقع پر عمران خان کے لیے بیت اللہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔
وزیراعظم عمران خان وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، وزیراعظم نے وہاں نوافل ادا کیے انہوں نے پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کی دعا مانگی۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے سعودی فرماںروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سےملاقات کی، اس موقع پر شاہی محل میں وزیراعظم عمران خان کو گارڈا ٓف آنر بھی پیش کیا گیا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزير توناائی خالدالفالح، صدر سعودی انویسٹمنٹ فنڈ، ایڈوائزر سعودی کابینہ نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں بتایا کہ5لاکھ گھروں کی تعمیر فوری شروع کررہے ہیں، تعمیر میں سرمایہ کاری کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو مدعو کریں گے، بدھ کو وزیراعظم عمران خان نے ننگے پیر مدینہ کی سرزمین پرقدم رکھا،روضہ رسول پرحاضری دی اورریاض الجنتہ میں دعائیں مانگیں۔