اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کیلئے علاقوں کے لوگوں کا خیال رکھاجائے، معاشی سرگرمیوں کا فائدہ علاقوں کے رہائشیوں کو ملنا چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج سیاحتی مقام گبین جبہ، سوات کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وزیراعظم کا استقبال کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو سیاحت کے فروغ کیلئےاٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
سیاحوں کو دی جانے والی سہولیات
علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کالام، کمراٹ، کالاش میں ٹورز اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ
گبین جبہ سے دیگر علاقوں تک رسائی کے لئے 372 کلو میٹر رابطہ سڑکوں کی تعمیر پر مکمل
ورلڈ بینک کے تعاون سے ہزاروں کنال پر سیاحتی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ، سیاحتی مراکز مانسہرہ، ایبٹ آباد اور سوات میں قائم کئے جائیں گئے۔
صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر سو کے قریب پوڈز نصب، مزید نوے پوڈز یو این ڈی پی کے ذریعے مزید منگوائے جارہے ہیں۔
سیاحت کے فروغ کے لئے علاقہ مکینوں کو آسان شرائط پر چار لاکھ کا قرض دینے کا منصوبہ، جس کی مدد سے وہ گھروں کیساتھ ایک کمرہ اور دیگر سہولیات سیاحوں کو فراہم کر سکیں گے۔
فروری دوہزار اکیس میں اسکینگ، اسنو مراتھن، اسنو بورڈنگ سرگرمیاں منعقد کرنے کا فیصلہ، یہ سرگرمیاں چترال، مالم جبہ، سوات، کاغان میں منعقد کی جائیں گی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ہدایات دی کہ سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کیلئے علاقوں کےلوگوں کا خیال رکھا جائے، علاقے کی معاشی سرگرمیوں کا فائدہ علاقوں کے رہائشیوں کو ملناچاہیئے، سیاحتی مقامات پر صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کیلئے عالمی معیار کے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں، سیاحتی مقامات پر غیر ضروری تعمیرات سے اجتناب کیاجائے۔